آکلینڈ، 19؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا ہے کہ وسو د ھیو کٹمب کم کا مضبوط حامی ہندوستان دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ ڈٹ کر کھڑا رہے گا اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر جنگ جاری رکھے گا۔لوک سبھا صدر نے بارہمولہ ضلع کے اڑی میں دہشت گردانہ حملے میں جوانوں کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ وسو د ھیو کٹمبکم کا مضبوط حامی ہندوستان دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ ڈٹ کر کھڑا رہے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر جنگ جاری رکھے گا۔سمترا مہاجن نے آج کہا کہ آزادی ملنے کی سات دہائیوں میں ہندوستان کی سب سے بڑی اور قابل ذکر حصولیابی یہ رہی ہے کہ اس نے سیکولرزم اور جامع مساوت کی ترقی کے عزم کے ساتھ ساتھ پارلیمانی جمہوریت پر مبنی فعال نظام حکومت کو نہ صرف قائم رکھا ہے بلکہ اسے مضبوط بھی کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آزادی حاصل ہونے کے بعد سے ہی ہندوستانیوں نے انتخابات اور حکومت کے طریقہ کار میں بہت جوش اور حوصلہ افزائی سے حصہ لیا ہے اور اس طرح دنیا کی عظیم جمہوریت قائم کرنے اور اسے مضبوط کرنے میں بہت مدد کی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جمہوریت اور گڈ گورننس کے مشترکہ اقدار کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہندوستان اور نیوزی لینڈ اپنے تعلقات کو نئی اونچائیوں پر لے جائیں گے۔